اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس، ٹرائل حتمی مراحل میں
1 min readسابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے نیب ریفرنس میں شریک ملزمان کے خلاف تمام گواہوں کے بیانات اور ان پر جرح مکمل کر لی گئی۔ ٹرائل حتمی مرحلے میں داخل۔ عدالت نے نیب کو شہادتیں مکمل ہونے کا بیان جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 2 جون تک ملتوی کر دی۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور شریک ملزمان کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت کی۔
نیب پراسیکیوٹرافضل قریشی جبکہ شریک ملزمان نعیم محمود،منصور رضا عدالت میں پیش ہوئے۔ نیب کے آخری گواہ تفتیشی افسرنادر عباس کے بیان پرشریک ملزمان کے وکیل نے جرح کی۔
گواہ نےبتایا کہ چیئرمین نیب انکوائری کروانےکاحکم دیتا ہے، پہلے مرحلے میں اسحاق ڈار کےخلاف انکوائری کی گئی تھی اور انہی کے خلاف ریفرنس دائر ہوا مگر بعد میں ضمنی ریفرنس میں شریک ملزمان کو ملزم نامزد کیا گیا۔
تمام گواہوں کے بیانات اور ان پر وکلا صفائی کی جرح مکمل ہونے پر عدالت نے نیب سے شہادتیں مکمل ہونے کا بیان طلب کر لیا۔
اسحاق ڈار بیرون ملک ہونے کے باعث مسلسل عدم حاضری پر اس کیس میں اشتہاری ہیں۔
For the latest news, follow us on Twitter @Aaj_Urdu. We are also on Facebook, Instagram and YouTube.















Comments are closed on this story.