'ڈونلڈ ٹرمپ شام کے صدر بشار الاسد کو قتل کرانا چاہتے تھے'

Published 16 Feb, 2021 09:52am 1 min read

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک سابق مشیر کا کہنا ہے کہ ’ٹرمپ نے 2017 میں شام کے صدر بشار الاسد کو قتل کرانے کی بات کی تھی۔‘

قومی سلامتی کے سابق نائب مشیر میک فارلینڈ کا کہنا ہے کہ سول آبادی پر سارن گیس حملے کی تصاویر دیکھنے کے بعد صدر ٹرمپ نے زور دے کر کہا تھا کہ ’اسے اقتدار سے بے دخل کرو۔‘

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے ساتھ ایک دستاویزی فلم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے ٹرمپ سے کہا تھا کہ ’آپ یہ نہیں کر سکتے؟‘

’صدر ٹرمپ نے پوچھا کیوں؟ میں نے جواب دیا کہ ’اسے جنگی اقدام تصور کیا جائے گا۔‘

اپریل 2017 میں صدر بشار الاسد کی حکومت نے مغربی شام کے خان شیخون قصبے میں سرین گیس کا حملہ کیا تھا جس میں 90 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس حملے کی ویڈیو منظر عام پر آئی تو اس اقدام کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔

میک فارلینڈ نے مزید کہا کہ ’میں جانتا تھا کہ وہ (ٹرمپ) بشار الاسد کو سزا دینا چاہتے تھے اور انہیں ایسے نہیں چھوڑنا چاہتے تھے۔‘

For the latest news, follow us on Twitter @Aaj_Urdu. We are also on Facebook, Instagram and YouTube.